بنگلورو،19؍اکتوبر(ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے کانگریس پر اپنی شدید نکتہ چینیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس کو بی جے پی کے مقابل جے ڈی ایس سے زیادہ خوف ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس پارٹی کے قائدین ہمہ وقت اس فکر میں رہتے ہیں کہ کس طرح جے ڈی ایس کو ختم کیا جائے۔
اخباری نمائندو ں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین کو جے ڈی ایس سے دشمنی ہے یا وہ اس سے خوفزدہ ہیں سمجھ میں نہیں آتا،لیکن ہر وقت ان لوگوں کی کوشش یہی ہو تی ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے جے ڈی ایس کو نقصان پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دیوے گوڑا کے خاندان کو پیسوں کے عوض خریدا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے سابقہ کانگریس و جے ڈی ایس مخلوط حکومت کے تلخ تجربات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے انہیں وزیر اعلیٰ بنادینے کے بعد اس قدر ہراساں کیا کہ وہ ایک ایسے وزیر اعلیٰ بن گئے جس کو برسر عام رونا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کی طرف سے یہ گمراہ کن مہم چلائی جا رہی ہے کہ بی جے پی اور اس پارٹی کے امیدوار کے تئیں کمارسوامی نرم گوشہ رکھتے ہیں۔ ایسا بالکل نہیں،بلکہ ان کی پارٹی سنجیدگی کے ساتھ انتخابی میدان میں اتری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت پر کوئی یہ الزام نہیں لگا سکتا ہے کہ وہ 10فیصد کمیشن کی حکومت ہے۔کیونکہ انہوں نے ریاست کے انتظامیہ کو دیانت داری سے آگے بڑھایا اور ہمہ وقت یہی کوشش کی کہ عوام اور کسانو ں کو زیادہ سے زیادہ مدد ملے۔
انہوں نے کہا کہ قومی سیاسی جماعتیں کرناٹک کے ساتھ انصاف نہیں کر پارہی ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے سیلاب، خشک سالی اور دیگر سنگین معاملات پر کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کو ملاقات کا وقت نہیں دیا، اس سے صاف ظاہرہوتا ہے کہ قومی سیاسی جماعتوں کو کرناٹک کے مفادات کے متعلق کس قدر دلچسپی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن سیاسی رہنماؤں نے جے ڈی ایس کے خاتمہ کی پیشین گوئی کی ہے یہ انتخابات ان کے لئے منہ توڑ جواب ہو گا۔